۱۲ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۲ شوال ۱۴۴۵ | May 1, 2024
احتجاج

شیعہ علماءکونسل پاکستان ، جعفریہ اسٹودنٹس آرگنائزیشن پاکستان سمیت دیگر مذہبی تنظیموں اور شہریوں نے چاروں صوبوں، خیبر پختونخوا ، کشمیر ،گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یوم القدس منایا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،راولپنڈی/ شیعہ علماءکونسل پاکستان ، جعفریہ اسٹودنٹس آرگنائزیشن پاکستان سمیت دیگر مذہبی تنظیموں اور شہریوں نے چاروں صوبوں، خیبر پختونخوا ، کشمیر ،گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یوم القدس منایا۔

تفصیلات کے مطابق شیعہ علماءکونسل پاکستان اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آف پاکستان کی جانب سے قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کیخلاف ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے ، ریلیاں ، سیمینار و دیگر پروگرامزکا انعقاد کیا گیاجس میں علماءکرام، شیعہ علماءکونسل اور جے ایس او کے مرکزی ، صوبائی ، ڈویژنل ، ضلعی و تحصیل کی سطح کے عہدیداران ا ور کارکنان سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی سمیت دیگر عہدیداران و علماکرام نے یوم القدس کی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ اسرائیل نے ظلم کی انتہاءکردی،ہم فلسطینیوں کی اخلاقی و انسانی حمایت جا ری رکھیں گے ۔

بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی نے جمعة الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دے کرفلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی بنیاد رکھی جو آج تک جاری ہے۔علماءکرام و مقررین نے جمعہ کے اجتماع میں یوم القدس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم ممالک دوغلے پن کا مظاہرہ بند کریں اور اسرائیلی جارحیت رکوائیں، اسلامی ممالک میں امن کے بغیر دنیا کو پرامن بنانے کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ یوم القدس فلسطینیوں بالعموم تمام مظلوموں کی حمایت کا دن ہے،انہوں نے مزید کہاکہ ہم اپنے قائد علامہ سید ساجد علی نقوی کی اس بات کی تائید کرتے ہیں کہ کشمیر کمیٹی کا دائرہ کار بڑھا کر کشمیر و فلسطین کمیٹی بنائی جائے اس لئے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے بھی اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیاتھا.

اور دوسری جانب مسلم ممالک بھی موثر کردار ادا نہیں کر رہے جو افسوس ناک امر اور اس سے بھی زیادہ تشویش ناک صورتحال یہ ہے کہ بعض اسلامی ممالک اسرائیل کے ناجائز تسلط اور غیر قانونی قبضہ کو تسلیم کرکے فلسطینیوں کے ساتھ بے وفائی کے مرتکب ہورہے ہیں اوراو آئی سی بھی اس ساری صورتحال میں خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔

یوم القدس کے موقع پر قراددیں منظور کی گئیں جس میں کہا گیاکہ عوام کا یہ نمائندہ اجتماع عالمی یوم القدس کے موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پرچاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے کروڑوں پاکستانی عوام کے ملک کے گوشے گوشے میں قبلہ اول کی آزادی کے لئے کئے گئے احتجاج کے انعقاد کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔

عوام کا یہ نمائندہ اجتماع قبلہ اول پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کی مذمت کرتا ہے اور اپنے فلسطینی اور لبنانی بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتا ہے اور انہیں اپنے تعاون و حمایت کا بھرپور یقین دلاتا ہے۔

یہ نمائندہ اجتماع عالمی سامراج کی طرف سے غاصب‘ غیر قانونی اور انتہاپسند صہیونی ریاست اسرائیل کی کھلی سرپرستی کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے اور سامراجی طاقتوں کو باور کراتا ہے کہ وہ کروڑوں عوام کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے اسرائیل کی سرپرستی ترک کردیں اور اسرائیل کو مجبور کریں کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقے خالی کرتے ہوئے قبلہ اول کو آزاد کرے۔

یہ اجتماع اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں میں مزید یہودی بستیوں کی تعمیر جیسے توسیع پسندانہ فیصلوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔آج کا یہ نمائندہ اجتماع پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگامی کے طوفان بالخصوص ماہ صیام میں بنیادی اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور دیگر مسائل پر تشویش کا اظہارکرتا ہے ۔

کرپشن اور بدعنوانی کا دور دورہ ہے جو ملک کو لمحہ بہ لمحہ تباہی و بربادی کی جانب دھکیل رہی ہے ان حالات میں یہ نمائندہ اجتماع حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ شفاف اور غیر جانبدار احتساب کے عمل کو جاری کرے‘ ہوشربامہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پائے‘ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے اور بگاڑ کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائے ۔

آخر میں اس بات کا بھی عزم کیاگیا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے فرمان پر فلسطینی ریاست کے قیام اور قبلہ اول کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .